عراقی عدالت سے داعشی دہشت گرد کو 10 منٹ میں سزائے موت کا حکم

بیلجین دہشت گرد خود بھی فیصلہ سنائے جانے کے وقت کمرہ عدالت میں موجود تھا،صحت جرم سے انکار

بدھ 23 مئی 2018 17:41

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) عراق کی ایک فوجی عدالت نے شدت پسند گروپ داعش میں بھرتی ہونے والے مراکشی نژاد بیلجین شدت پسند طارق جدعون المعروف ابو حمزہ بیلجینی کو صرف دس منٹ کی سماعت کے دوران سزائے موت کا حکم دے دیا۔ ابو حمزہ 2014ء میں داعش میں شامل ہوا تھا اور اسے چندہ ماہ قبل عراق میں داعش کے خلاف آپریشن میں حراست میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق بیلجین دہشت گرد خود بھی فیصلہ سنائے جانے کے وقت کمرہ عدالت میں موجود تھا۔ عدالت نے ملزم کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں قصور وار قرار دیتے ہوئے پھانسی دینے کا حکم دیا۔ کیس کی کارروائی صرف دس منٹ جاری رہی۔ ملزم کی عدالت میں پیشی سے قبل سر اور داڑھی منڈوا دی گئی تھی۔ اس موقع پر اس نے اپنی بریت کا دفاع کیا اور کہا کہ مجھے گمراہ کیا گیا تھا۔