وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد کو ٹیلیفون ،ْ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

سیاسی اتحاد ’’پاکاتان ہاراپان‘‘ کی بے مثال کامیابی ڈاکٹر مہاتیر محمد کی فعال اور متاثر کن قیادت پر عوامی اعتماد کی مظہر ہے ،ْشاہد خاقان عباسی

بدھ 23 مئی 2018 17:34

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ملائیشا کے ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد کو ٹیلیفون کر کے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ بدھ کو ایک بیان میں وزیراعظم نے ملائیشیاء میں انتخابات کے پرامن انعقاد اور اقتدار کی خوش اسلوبی سے منتقلی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ملائیشیائی قوم کی پختگی کی عکاسی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اتحاد ’’پاکاتان ہاراپان‘‘ کی بے مثال کامیابی ڈاکٹر مہاتیر محمد کی فعال اور متاثر کن قیادت پر عوامی اعتماد کی مظہر ہے۔ انہوں نے ملائیشیائی ہم منصب کے ساتھ پاک ملائیشیاء تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور معیشت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور سیاحت کے شعبوں میں مواقع کی تلاش کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جموں و کشمیر اور فلسطین سمیت مسلم امہ کو درپیش مسائل کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو ضروری تقویت اور سمت کی فراہمی کے لئے پارلیمانی تبادلوں سمیت اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ڈاکٹر مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے نیک خواہشات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور وسعت دینے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔