گورنر سندھ محمد زبیر کی سعودی قونصل جنرل کی دعوت افطار میں شرکت

بدھ 23 مئی 2018 16:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے سعودی عرب کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل عبیداللہ منور الحربی( Obaid Allah Menwar Al-Harbi )کی دعوت پر افطار ڈنر میں شرکت کی۔ افطار ڈنر میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سیاسی و مذہبی شخصیات، سعودی حکام اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر پاک سعودی دوطرفہ برادرانہ تعلقات، اسلامی روایات، مذہبی ہم آہنگی، پاکستان کی تعمیر وترقی میں سعودی عرب کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ مقدس سرزمین سعودی عرب اور اس کے مکین پاکستانیوں کے لئے انتہائی قابل احترام ہیں، مذہب سے جڑے پاک سعودی دوطرفہ تعلقات گہرے، مضبوط، پختہ اور عزم مصمم کی طرح لازوال ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا ثبوت دیا ہر مشکل گھڑی میں سعودی حکومت اور اس کے عوام نے پاکستانیوں کی دل کھول کی مدد کی جسے پوری پاکستانی قوم قدر، احترام اور ستائش کی نظر سے دیکھتی ہے۔ سعودی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ اور ہمارا دوسرا گھر ہے، ہم اپنے پاکستانیوں بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے، سعودی عرب مستحکم، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔