گورنر سندھ محمد زبیر کی شہید طالبہ سبیکا شیخ کی نمازجنازہ میںشرکت

پوری پاکستانی قوم شہید سبیکا شیخ کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے، محمد زبیر

بدھ 23 مئی 2018 16:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے امریکی ریاست ٹیکساس کے تعلیمی ادارے میں دہشت گردی کا شکار ہونے والی ہونہار طالبہ شہید سبیکا شیخ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم ضیا، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے دعا کی کہ اللہ تعالی سبیکا شیخ کے والدین، بہن بھائی، دوست احباب اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا کرے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہید سبیکا شیخ کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو موثر سکیورٹی فراہم کرنے کو یقینی بنایا تاکہ طالب علموں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں ہماری بیٹی کو شہید کیا گیا، امریکہ جیسے ملک کے تعلیمی اداروں میں تواتر سے ایسے واقعات کاہونا باعث تشویش ہے، فائرنگ کے اس طرح کے واقعات سکیورٹی لیپس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لئے موثر اقدامات ضروری ہیں تاکہ اس قسم کے واقعات کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔