اسسٹنٹ کمشنرزڈی آئی خان کا اشیاء خوردو نوش کی فراہمی اور معیار سے متعلق بازاروں کی چیکنگ

بدھ 23 مئی 2018 16:50

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان فہید الله خان نے گزشتہ روز سبزی منڈی ڈیرہ اور شہر کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش خصوصاً پھلوں اور سبزیوں کے معیار کو بہتر بنانے اور وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کے ہمراہ دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر منڈی آڑتھیوں کو ہدایت کی کہ ماہ صیام کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی ایک قبیح فعل ہے جس سے اجتناب کرنا ہم سب پر لازم ہے۔

اس موقع پر انہوں نے دس دکانداروں کو مقرر کردہ نرخ سے زائد منافع وصول کرنے پر مجموعی طور پر پچاس ہزار روپے جرمانہ کیا۔ یہ بات انتہائی قابل توجہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی مسلسل پرائس چیکنگ کے نتیجے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں توازن دیکھنے میں آ رہاہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور ، پروآ، کلاچی نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں ڈپٹی کمشنر نعمان افضل آفریدی کی ہدایت پر بازاروں میں اشیائے خوردونوش اور نرخ ناموں کو نہ صرف چیک کیا بلکہ بعض ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں اور نرخنامے آویزاں نہ کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کیے اور انہیں متنبہ کیا کہ وہ ماہ صیام کے تقدس کا خیال کرتے ہوئے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں توازن پیدا کریں تاکہ غریب اور ضرورت مند افراد کو ماہ صیام کے دوران کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :