نیب نے پان پتی کیس میں برآمد35لاکھ روپے کی رقم کا چیک کسٹم حکام کے حوالے کر دیا

بدھ 23 مئی 2018 17:41

نیب نے پان پتی کیس میں برآمد35لاکھ روپے کی رقم کا چیک کسٹم حکام کے حوالے ..
․لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی جانب سے مختلف کرپشن کیسز میں وصول شدہ کروڑوں روپے مالیت کی رقوم کی متعلقہ اداروں کوواپسی کا سلسلہ جاری ہے ،اسی ضمن میںڈائریکٹر انویسٹی گیشن نیب لاہو رامجد مجید اولک نے پان پتی کیس میں برآمد35لاکھ روپے کی رقم کا چیک کسٹم حکام کے حوالے کیا ،یہ رقوم میسرز عقیل انٹر پرائزرز، میسرز اکرام ٹریڈرز اور میسرز کومیکس انٹر پرائیزرز کے مالکان سے وصول کی گئی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام اور کلیئرنگ ایجنٹس کی آپس کی ملی بھگت سے پان پتی کی بیرون ملک سے برآمد کی مد میں غبن کی گئیں ۔ حکومتی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا جاتا رہا۔نیب لاہور کی جانب سے مذکورہ کیس میں درجنوں کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائرکئے جا چکے ہیں جن پر عدالتی کارروائی جاری ہے جبکہ پلی بارگین کرنیوالے ملزمان سے لوٹی گئی مکمل رقوم کی واپسی جاری ہے جو گاہے بگاہے متعلقہ حکام و اداروں کو واپس لوٹائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم صاحب کی جانب سے کرپٹ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عندیہ دیاگیا اور کہا گیا ہے کہ بد عنوانی میں ملوث ملزمان سے کسی قسم کی رعائیت نہیں برتی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :