ممبئی حملہ کیس :27بھارتی گواہوں کی پیشی کیلئے وزارت داخلہ نے اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت سے مزید مہلت مانگ لی

27جون کو بھارتی گواہوں کی دستیابی سے متعلق عدالت کو آگاہ کردیا جائے گا، وزارت داخلہ

بدھ 23 مئی 2018 17:36

ممبئی حملہ کیس :27بھارتی گواہوں کی پیشی کیلئے وزارت داخلہ نے اسلام آباد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) ممبئی حملہ کیس میں27بھارتی گواہوں کی پیشی کیلئے وزارت داخلہ نے اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت سے مزید مہلت مانگ لی،27جون کو بھارتی گواہوں کی دستیابی سے متعلق عدالت کو آگاہ کردیا جائے گا۔گزشتہ روز اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے بھارتی شہر ممبئی کے ہوٹلز پر دہشتگردوں کے حملے کیس کی سماعت کی،جب سماعت شروع ہوئی تو وزارت داخلہ کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ 27جون تک بھارتی گواہوں کے متعلق آگاہ کردیا جائے گا،دوران سماعت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء نے اپنا تحریری جواب عدالت میں داخل کروایا۔

بعد ازاں وکیل صفائی کی استدعا پر عدالت نے زاہد اختر کو آئندہ سماعت پر دوبارہ جرح کیلئے طلب کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 6جون تک کیلئے ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 2009ء میں بھارتی شہر ممبئی میں ہونے والے حملوں کے بعد پڑوسی ملک بھارت کی خواہش پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی۔لیکن روایتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بھارتی حکومت کی جانب سے حکومت پاکستان سے تعاون نہیں کیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کی جانب سے 150گواہوں کی فہرست عدالت کو فراہم کی گئی۔مقدمے میں مجموعی طور پر8ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا ان ملزمان میں حماد امین،شاہد جمیل،ظفراقبال، عبدالواحد،محمد یونس،جمیل احمد وغیرہ کے نام شامل ہیں جبکہ مرکزی ملزم اجمل قصاب کی46 صفحات پر مشتمل اعترافی بیان کے سوا بھارتی حکومت نے تفتیش میں تعاون نہیں کیا۔