اوپن یونیورسٹی نے وفاقی کابینہ سے جمہوریہ کرغزستان میں "فاصلاتی نظام تعلیم" کا انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کی منظوری لے لی

بدھ 23 مئی 2018 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعہ وفاقی کابینہ سے جمہوریہ کرغزستان میں "فاصلاتی نظام تعلیم" کا انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کی منظوری حاصل کرلی ہے۔ وفاقی کابینہ نے کرغزستان کے ایجوکیشنل سائنٹیفک پروڈکٹیو کمپلیکس انٹرنیشنل ( ای ایس پی سی آئی ) اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مابین فاصلاتی نظام تعلیم کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کرغزستان میں سینٹر کے قیام کے لئے کابینہ کی منظوری کو ایک بڑا اقدام قرار دیا۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ کرغزستان میں انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے فاصلاتی نظام تعلیم کے فروغ میں اوپن یونیورسٹی کے لیڈنگ رول کو مزید پذیرائی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے طلبہ اور اکیڈمک سٹاف کے عظیم تر مفاد کے لئے کرغزستان کی انٹرنیشل یونیورسٹی اور اوپن یونیورسٹی باہمی تعاون سے کرغزستان میں ’’فاصلاتی نظام تعلیم‘‘ کا انسٹی ٹیوٹ قائم کریں گے۔

اس حوالے سے دونوں فریقین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب عنقریب منعقد کی جائے گی۔ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں اوپن یونیورسٹی اپنا انسٹی ٹیوٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور حکومت پاکستان کے تعاون سے قائم کرے گی۔ کرغزستان میں انسٹی ٹیوٹ کے قیام میں اوپن یونیورسٹی تکنیکی مہارتیں اور اکیڈمک سپورٹ فراہم کرے گی جبکہ ای ایس پی سی انسٹی ٹیوٹ کو چلانے اور کامیاب بنانے کے لئے انفراسٹرکچر یعنی جگہ ،ْ سامان اور سٹاف فراہم کرے گا۔

انسٹی ٹیوٹ میں دونوں تعلیمی ادارے مختلف شعبوں میں آن لائن اور بلنڈڈ لرننگ سہولتوں کے ذریعے مشترکہ تعلیمی پروگرامز پیش کریں گے۔ دونوں اطراف عربی، اردو، روسی، کرغیز اور انگریزی زبانوں کے کورسز پیش کرنے میں باہمی اشتراک کریں گے اور لسانیات کے مطالعہ کا مرکز قائم کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل کولوبریشن اینڈ ایکسچینج آفس کے انچارج ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کی روشنی میں کرغزستان میں ’’فاصلاتی نظام تعلیم‘‘ کے انسٹی ٹیوٹ کے قیام پرعمل درآمد کا آغاز جلد ہوگا۔