سندھ میں پانی کے مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،

لنک کینال کھولنے سے صورتحال خراب ہو رہی ہے، ایم کیو ایم والوں کو کراچی میں پانی کے لئے مطالبہ کرنا چاہیے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال، پیپلز پارٹی کا ایوان سے واک آئوٹ

بدھ 23 مئی 2018 16:20

سندھ میں پانی کے مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی کے مسئلے کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں جبکہ پیپلز پارٹی نے اس مسئلے پر ایوان سے واک آئوٹ کیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر سید خورشید شاہ نے کہا کہ اس وقت پانی کا مسئلہ اہمیت کا حامل ہے، ہم نے بارہا یہ معاملہ یہاں اٹھایا ہے۔

پنجاب نے لنک کینال کو کھول دیا ہے جس سے صورتحال خراب ہو رہی ہے۔ سندھ میں تو پینے کے لئے بھی پانی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم والوں کو کراچی کی نمائندگی کرتے ہوئے کراچی میں پانی کے لئے مطالبہ کرنا چاہیے تھا۔ ہمارے کسان سڑکوں پر ہیں‘ سندھ بنجر بنتا جارہا ہے‘ وفاق خاموش ہے، آج حکومت کے پاس کورم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 128 ارکان تھے لیکن ہم نے پارلیمان کا دامن نہیں چھوڑا تھا، ووٹ کی عزت کی بات یہ ہے کہ ارکان اور وزراء پارلیمان میں آتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پانی چاہیے، لنک کینال کھولنے پر ارسا کیوں خاموش ہے۔ نواب یوسف تالپور نے بھی اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے حصے کا حق مانگ رہے ہیں، لنک کینال کھولنے کا نوٹس لیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی نے ایوان سے واک آئوٹ کیا۔