Live Updates

سیاسی لحاظ سے باشعور پاکستانی عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا بخوبی جانتے ہیں،چوہدری محمد برجیس طاہر

بدھ 23 مئی 2018 16:13

سیاسی لحاظ سے باشعور  پاکستانی عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا بخوبی ..
ْاسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سیاسی لحاظ سے باشعور ہو چکے ہیں اور وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا بخوبی جانتے ہیں ، خنجراب تا گوادر پاکستان کے عوام عمران خان اور آصف علی زرداری کی کارکردگی سے بخوبی واقف ہیں ، آمدہ انتخابات میں عوام ووٹ کی پرچی کا حق استعمال کرنے سے پہلے یہ سوچیں گے کہ کس سیاسی قیادت اور جماعت نے عوام کی خدمت کی اور کس نے محض وعدے کیے اور عوام سے دھوکا کیا۔

بدھ کو یہاں جاری بیان میں انہوںنے کہاکہ آج سندھ اور خیبر پختونخواہ کے حالات پاکستانی عوام کے سامنے ہیں، نوازشریف کے موٹرویز اور میٹرو بس کے منصوبوں کو عمران خان اپنی ہر تقریب میںتنقید کا نشانہ بناتے تھے لیکن آج ایسے ہی منصوبے انہوںنے خیبر پختونخوا میں شروع کر رکھے ہیں جن کی تکمیل کے قریب قریب کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آمدہ انتخابات میں عوام عمران خان کے 11 نکات یا پھر پہلی100 دن کی حکومتی اقدامات کی خوش فہمیوں کو مدنظر نہیںرکھیں گے بلکہ وہ عمران خان اور آصف علی زرداری کی صوبہ خیبر پختونخوا اور سندھ میں عملی کارکردگی کے زیادہ مدنظر رکھ کر اپنے ووٹ کا فیصلہ کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ آج مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور نوازشریف جیسے محب وطن قومی لیڈر کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، پاکستان کے عوام نوازشریف کے خلاف احتساب کے عمل کے مقاصد سے بخوبی واقف ہیں اوریہی وجہ ہے کہ وہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند مسلم لیگ(ن) اور نوازشریف کے پیچھے کھڑے ہیں انہوںنے کہاکہ قوم عمران خان اور آصف زرداری کے قول وفعل پر ہرگز یقین نہیں کرتی اور وہ پورے پاکستان کو خیبر پختونخوا اور سندھ جیسا پسماندہ بنانے کی ہر گز اجازت نہ دیں گے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کا روشن مستقبل صرف اور صرف مسلم لیگ سے وابستہ ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات