قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی لیاقت علی خان جتوئی اور سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی اسماعیل قریشی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس تیار کرنے کی منظوری دے دی

بورڈ کے اجلاس میں سیٹھ نثار احمد اور میسرز فتح ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ حیدر آباد کے ڈائریکٹر اسد ظہیر کی پلی بارگین کی درخواست منظور اراضی سکینڈل میں ملوث سابق ایم این اے سید نادر علی شاہ کے خلاف انکوائری اور میٹرو بس پراجیکٹ ملتان، غیر قانونی طور پر اراضی خریدنے کی تحقیقات کا فیصلہ

بدھ 23 مئی 2018 16:13

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی لیاقت علی خان جتوئی اور سابق سیکریٹری وزارت پانی و بجلی اسماعیل قریشی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس تیار کرنے، سیٹھ نثار احمد اور میسرز فتح ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ حیدر آباد کے ڈائریکٹر اسد ظہیر کی پلی بارگین کی درخواست منظور، اراضی سکینڈل میں ملوث سابق ایم این اے سید نادر علی شاہ کے خلاف انکوائری اور میٹرو بس پراجیکٹ ملتان، غیر قانونی طور پر اراضی خریدنے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

نیب اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ تمام انکوائریاں اورانوسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب تمام متعلقہ افراد سے بھی قانو ن کے مطابق ان کا موقف معلوم کرے گا تاکہ قانو ن کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز ،لیاقت علی خان جتوئی سابق وفاقی وزیر برائے پانی وبجلی ،اسمعیل قریشی سابق سیکرٹری وزارت پانی وبجلی ،محمد یوسف میمن ،سابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پانی وبجلی ،غلام نبی منگریو سابق جوائنٹ سیکرٹری وزارت پانی وبجلی،عمر فاروق سابق سیکشن افسروزارت پانی وبجلی،ائیر مارشل (ر) شاہد حامد سابق چئیرمین متبادل توانائی بورڈ،نسیم اختر خان سابق سیکرٹری اے ای ڈی بی ،عارف علائوالدین سابق چیف ایگزیکٹو افسر اے ای ڈی بی اوربشارت حسن بشیر سابق کنسلٹنٹ اے ای ڈی بی کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بشارت حسن بشیر کو غیرقانونی طورپر کنسلٹنٹ تعینات کرنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو2کروڑ16لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سی ڈی اے کے افسران، میسرز پارک لائن اسٹیٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹیڈ اوردیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طورپر محکمہ جنگلات پنجاب کی زمین غیرقانونی طورپرپارک لائن اسٹیٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کو الاٹ کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ طارق شفیق خان، جنرل منیجر فخر الزمان علی چیمہ اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ وزارت قواعد کے تحت مبینہ طور پر غیرقانونی تقرریوںکی محکمانہ جانچ پڑتال کرے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی پاکستان لاہور سہیل عمر اوردیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انوسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ معاملہ قانون کے مطابق کارروائی کیلئے متعلقہ وزارت کو بھیجا جائے۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے ای او بی آئی کی انتظامیہ اور بینک آف پنجاب لاہور کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ای او بی آئی کی انتظامیہ پر مبینہ طور پر 3.8ارب روپے کے حصص بینک آف پنجاب لاہور میں غیرقانونی طور پرخریدنے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سیٹھ نثار احمد ولد محمد لطیف کی 177.794ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست کی منظوری دی۔

جس کو حتمی منظوری کیلئے احتساب عدالت میں بھیجا جائے گا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق چئیرمین پنجاب کو آپریٹوبورڈ فار لیکویڈیشن مشتاق انجم اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پنجاب کو آپریٹوبورڈ فار لیکویڈیشن کی اراضی کی غیرقانونی منتقلی کا الزام ہے۔

جس سے قومی خزانے کو 53.93ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے لیاری ایکسپریس وے ریسیٹلمنٹ پراجیکٹ کراچی کے افسران/ اہلکاران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پراراضی کی چائنہ کٹنگ ،کمرشل اور رہائشی پلاٹون پر قبضہ کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 2792 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے محکمہ مال حکومت سندھ تالوکا سجاول کے افسران/ اہلکاران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔

ملزمان پرمبینہ طور پرغیرقانونی طور پر سرکاری زمین کی فروخت کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو بھاری کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میسرز فتح ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ حیدرآباد کے ڈائریکٹراسد ظہیرولد ظہیرالحسن کی 11.9ملین روپے پلی بارگین کی درخواست کی منظوری دی۔جس کو حتمی منظوری کیلئے احتساب عدالت میں بھیجا جائے گا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے الائیڈ بینک لمیٹڈ کے اہلکاران کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ سٹیٹ بینک کو متعلقہ بینک کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کیلئے معاملہ بھیجا جائے۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے کوئٹہ سے سابق ایم این اے سید ناصر علی شاہ اور دیگر کے کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر سر کاری کاغذات میںرہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نور احمد پیرکانی سابق ڈائریکٹر جنرل کوئٹہ ڈویلیپمنٹ اتھارٹی اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔

ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور بڑے پیمانے عوام کو دھوکہ دینے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 66.150 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو 270ملین روپے کا نقصان پہنچانے کاالزام ہے۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے وزیر اعلٰی سندھ کے سابق معاون خصوصی پہلاج مل کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزم پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے مبینہ طور پر میٹرو بس پراجیکٹ ملتان کیلئے غیرقانونی طور پر زمین خریدنے اور ٹھیکہ دینے کے مبینہ الزام کی انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر عمران نور اور مینیجر ایچ آر عامر مقبول اور دیگرکے خلا ف انکوائری کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طور اختیارات کا ناجائز استعمال اور عمران نورکی چیف فنانشل آفیسر کے طور پر غیرقانونی بھرتی کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 104ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کررہا ہے ، بد عنوانی ایک کینسر ہے جسے جڑ سے اکھاڑنا انتہائی ضروری ہے۔ نیب کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کو نہ صرف اپنی قومی زمہ داری سمجھتے ہیں بلکہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لیے بھر پور کاوشیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شوائد کی بنیا د پر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں۔ نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا بلکہ نیب --’’ احتساب سب کے لئے‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور پاکستان کی عوام سے ہے ۔ نیب افسران اپنے فرائض پوری ایمانداری، دیانت، میرٹ، شفافیت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سرانجام دیں اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیںکی جائے گی۔