پنجاب بھرمیں پراپرٹی ٹیکس چوروں کے خلاف شکنجہ تیار

کمرشل پراپرٹی کو ذاتی ظاہرکرنے والے افراد سے کرائے کی مالیت کے برابرجرمانہ وصول کی تجویز

بدھ 23 مئی 2018 15:36

پنجاب بھرمیں پراپرٹی ٹیکس چوروں کے خلاف شکنجہ تیار
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے گھروں یا دیگر جائیداد کو کرائے پر دے کر ذاتی ظاہر کرنے والے ٹیکس چوروں کے خلاف شکنجہ تیار کر لیا ہے اور اب گھر یا دیگرجائیداد کو کرائے پر دینے والے شہری کو ٹیکس ادا نہ کرنے کی صورت میں کئی گنا زائد جرمانے ادا کرنا ہوں گے ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابقمحکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے پراپرٹی ٹیکس چوری روکنے کے لیے بھاری جرمانوں کی سمری پنجاب حکومت کو ارسال کر دی ۔

۔ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب اکرم اشرف گوندل نے بتایاکہ کرائے پر دی جانے والی جائیداد کے مالک سے کمرشل پراپرٹی کے ریٹ کے مطابق ٹیکس وصول کیا جاتا ہے تاھم اس حوالے سے اکثر شہری غلط بیانی کر کے مذکورہ جائیداد کو ذاتی استعمال میں ظاہر کر کے ٹیکس چوری کرتے ہیں جس کے روک تھام کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایکسائز ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ محکمہ کے ساتھ غلط بیانی کر کے ٹیکس چوری میں ملوث افراد کے خلاف قبل ازیں معمولی جرمانہ تھا تاھم اب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے حکومت پنجاب کو ٹیکس چوروں کے خلاف بھاری جرمانوں کی سمری ارسال کی ہے جس میں تجویز دی گئی ہے کہ کمرشل پراپرٹی کو ذاتی ظاہر کر کے ٹیکس چوری کرنے والے افراد سے اس کرائے کی مالیت جتنا جرمانہ وصول کیاجائے جس قدر انہوں نے کرائے کی مد میں وصول کیا تو یقیناً ٹیکس چوری کی روک تھام ہو سکے گی جبکہ گھر کرائے پر دینے والوں کو بھی پابند کیا جائے گا کہ وہ کرایہ نامہ ایکسائز آفس کو دیں۔

اس سے ایک تو کروڑوں روپے کا محکمے کو فائدہ ہوگا، دوسرا کمرشل اور ذاتی پراپرٹیز کا ریکارڈ مرتب کرنے میں آسانی ہوگی۔