نئے صوبوں کی بات کرنا غلط نہیں،

مردم شماری‘ حلقہ بندیوں میں سندھ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

بدھ 23 مئی 2018 15:18

نئے صوبوں کی بات کرنا غلط نہیں،
اسلام آباد۔ 23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بیان پر احتجاج کرتے ہوئے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ خورشید شاہ نے اپنی تقریر میں عدم برداشت کی بات کی ہے اس لئے انہیں آج ہماری بات سننی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیر داخلہ احسن اقبال کو ایوان میں خوش آمدید کہتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ وہ مکمل صحت یاب ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی طبقہ کی دل آزاری اگر صوبائی اسمبلی کے فلور سے خود وزیراعلیٰ سندھ کریں تو قابل افسوس ہے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

ہم نے جنوبی سندھ کا کوئی مطالبہ نہیں کیا اور نہ ہی سندھ میں مزید انتظامی یونٹ کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں جو طرز عمل دکھایا گیا ہے وہ افسوسناک ہے‘ اس سے قبل ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں انتظامی بنیادوں پر کوٹہ سسٹم کی بنیاد رکھ دی گئی تھی جس سے تقسیم کا آغاز ہوا۔ مردم شماری‘ حلقہ بندیوں میں سندھ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ انہی اقدامات کا نتیجہ ہے کہ آج بجٹ میں کراچی کے لئے سات ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ یہ سیاسی آزادی کا دور ہے‘ پارلیمان موجود ہے‘ اسمبلیاں موجود ہیں۔ ایسے میں لوگوں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔ نئے صوبوں کی بات کرنا غلط نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس پر علامتی واک آئوٹ کرتا ہوں۔ جس کے بعد ایم کیو ایم کے ارکان ایوان سے واک آئوٹ کرگئے۔