Live Updates

نعیم الحق کا دانیال عزیز کو تھپڑ مارنا پی ٹی آئی کا کلچر ہے جس کی بنیاد عمران خان نے رکھی‘

یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق کے پی کے جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہے، عمران خان نے کہا تھا کہ 300 ڈیم بنائیں گے‘ وہ ڈیم کہاں ہیں اور کہاں ہیں وہ درخت جو انہوں نے کہا تھا کہ لگائیں گے، وہ بجلی کہاں ہے جو انہوں نے کہا تھا بنائیں گے، کہاں ہے نیا پاکستان، کہاں ہے نیا کے پی کے مخالفین کو پنجاب میں ترقی کا عمل دکھانے کی دعوت دیتے ہیں ْمسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 23 مئی 2018 14:23

نعیم الحق کا دانیال عزیز کو تھپڑ مارنا پی ٹی آئی کا کلچر ہے جس کی بنیاد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق کی جانب سے وفاقی وزیر دانیال عزیز کو تھپڑ مارنے کے واقعہ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کا کلچر ہے جس کی بنیاد عمران خان نے رکھی‘ عمران خان نے کے پی کے میں ترقی کے جو دعوے کئے تھے وہ ترقی کہاں گئی‘ یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق کے پی کے جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہے‘ ہم مخالفین کو پنجاب میں ترقی کا عمل دکھانے کی دعوت دیتے ہیں اور کے پی کے میں ہم اپنے خرچے پر جانے کے لئے تیار ہیں۔

بدھ کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ نعیم الحق کا دانیال عزیز کو تھپڑ مارنا پی ٹی آئی کا کلچر ہے، اس کلچر کے ذمہ دار عمران خان ہیں جنہوں نے اس کلچر کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ اسی طرح خیبر پختونخوا میں بھی لوگ گتھم گتھا ہو رہے ہیں اور ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ترقی کا کوئی قابل ذکر کارنامہ نہیں ہے‘ صرف جھوٹ‘ دھرنے ‘ الزامات اور امپائر کی انگلی کے پیچھے ناچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میرے بیانیے کو قبول کر رہی ہے۔ ’’ووٹ کو عزت دو ‘‘ کا نعرہ چشتیاں جلسے میں لوگ خود لگا رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ 300 ڈیم بنائیں گے‘ وہ ڈیم کہاں ہیں اور کہاں ہیں وہ درخت جو انہوں نے کہا تھا کہ لگائیں گے۔

وہ بجلی کہاں ہے جو انہوں نے کہا تھا بنائیں گے، کہاں ہے نیا پاکستان، کہاں ہے نیا کے پی کے۔ یو این ڈی پی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اس رپورٹ کے مطابق کے پی کے جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہے۔ کے پی کے کا موازنہ جنوبی پنجاب سے کر کے دیکھ لیں۔ انہوں نے مخالفین کو دعوت دی کہ آئیں پنجاب میں ہم آپ کو ترقی کا عمل دکھانے کے لئے تیار ہیں۔

یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب میں کے پی کے سے زیادہ خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کی بنیاد پر ہوں گے۔ اخبارات اور ٹی وی چینلز کو ڈرایا جانا افسوسناک ہے اور یہ سب چیزیں نوٹ ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ 4 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کریں گے‘ میں پوچھتا ہوں کہ وہ بجلی کہاں ہے، 360 ڈیم کہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیا کے پی کے دیکھنے کے لئے جانے کو تیار ہیں‘ اپنے خرچے پر جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات