Live Updates

لائیو پروگرام کے دوران دانیال عزیز کو تھپڑ رسید کرنے کا معاملہ

پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے ٹویٹر پیغام کے ذریعے وضاحت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 مئی 2018 14:03

لائیو پروگرام کے دوران دانیال عزیز کو تھپڑ رسید کرنے کا معاملہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مئی 2018ء) : لائیو پروگرام کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو تھپڑ رسید کرنے سے متعلق پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے وضاحت کر دی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نعیم الحق کا کہنا تھا کہ دانیال عزیز کو اچانک رد عمل کے تحت تھپڑ رسید کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز کی پی ٹی آئی کی لیڈر شپ اور آرمی سے متعلق نازیبا زبان ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔

اُمید ہے کہ دانیال عزیز اب اپنی زبان پر قابو رکھیں گے اور جھوٹ کا پرچار نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو لائیو شو میں تھپڑ رسید کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق اور وفاقی وزیر نجکاری نجی ٹی وی شو میں حالات حاضرہ پر تبصرہ کر رہے تھے ۔

اس پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ اور معروف صحافی افتخار احمد بھی شریک تھے۔ سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز سے اُلجھ پڑے۔ پروگرام میں گفتگو کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے نعیم الحق کو چور کہا تو نعیم الحق آپے سے باہر ہو گئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تم نے مجھے چور کیسے کہا تمہاری ہمت کیسے ہوئی کہ تم مجھے چور کہو  اور یہ کہتے ہوئے انہوں نے ساتھ بیٹھے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو تھپڑرسید کر دیا اور  پروگرام میں ایک خاتون سیاستدان کی موجودگی  کے باوجود دانیال عزیز کے ساتھ گالم گلوچ بھی کی۔ دانیال عزیز اور نعیم الحق کے مابین تلخ کلامی ہوئی جس پر پروگرام کے پروڈیوسر کو دونوں کے مائیک بند کرنا پڑے اور پروگرام کے میزبان نے ناظرین سے اس معاملے پر معذرت بھی طلب کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات