Live Updates

ٹیکساس فائرنگ میں جاں بحق سبیکا آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردخاک

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اہل کاروں نے سبیکا کی میت کو سلامی دی

بدھ 23 مئی 2018 14:16

ٹیکساس فائرنگ میں جاں بحق سبیکا آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردخاک
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کو شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق طالبہ کی تدفین کے موقع پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی ،ْاس سے قبل سبیکا کی نماز جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔

گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی، پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال سمیت سیاسی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد حکیم سعید گراؤنڈ میں موجود تھی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔سبیکا شیخ کی میت ترکش ایئرلائن کی پرواز ٹی کے 708 کے ذریعے صبح 4 بجے کے قریب کراچی پہنچی تھی۔

(جاری ہے)

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اہل کاروں نے سبیکا کی میت کو سلامی دی۔امریکی قونصل جنرل جون وارنر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا بھی ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پر موجود تھے۔بعدازاں سیکیورٹی کے ساتھ قافلے کی صورت میں طالبہ کا جسدِ خاکی گھر لایا گیا۔سبیکا کے گھر کے باہر عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جہاں کی فضا سوگوار تھی۔

کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔وہ ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں، جہاں جمعہ (18 مئی) کو اسکول کے ہی ایک طالب علم کی فائرنگ سے وہ چل بسیں۔فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات