ڈیوڈ مالان گرین شرٹس کیخلاف رنز کے ا نبار لگانے کیلئے تیار

نمبر چار پر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھاﺅں گا: بیٹسمین

بدھ 23 مئی 2018 13:28

ڈیوڈ مالان گرین شرٹس کیخلاف رنز کے ا نبار لگانے کیلئے تیار
لندن(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مئی 2018 ء) انگلش بیٹسمین ڈیوڈ مالان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ سکواڈ میں اپنی پوزیشن کو مستحکم بنا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ موسم گر ما میں ہونے والے میچوں میں اچھی پرفارمنس دکھانے میں کامیاب رہے تو یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ لمبے عرصے تک انگلش ٹیم کا حصہ رہیں گے۔

ڈیوڈ مالان کے مطابق ان کے پاس پاکستان کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اپنے مقصد کو حاصل کرنے کا اچھا موقع ہو گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ایشز سیریز میں انگلش ٹیم کی 4-0سے مایوس کن شکست کے باوجود چند مثبت چیزوں میں ایک ڈیوڈ مالان کی شاندار کارکردگی تھی جنہوں نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 383 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ایشز سیریز میں ان کے رنز بنانے کی اوسط 42.55 رہی۔

تیس سالہ ڈیوڈ مالان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف وہ زیادہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے لیکن انہیں پاکستان کے خلاف بھرپورکم بیک کرنے کی امید ہے۔ ڈیوڈ مالان کو بیٹنگ میں نمبر چار پوزیشن پر ترقی ملنے کا امکان ہے کیونکہ کپتان جو روٹ نے زیادہ ذمہ داری اٹھانے کیلئے نمبر تین پر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈیوڈ مالان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال تک انہوں نے نہیں سوچا تھا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلیں گے مگر صرف نو ماہ میں چیزیں اتنی تیزی سے تبدیل ہوئیں کہ نمبر چار پر بیٹنگ کا دیرینہ خواب اچانک پورا ہو گیا۔

ڈیوڈ مالان کا کہنا تھا کہ نمبر چار پوزیشن پر بیٹنگ کرنا بہت ہی اچھا ہوتا ہے۔ اس لئے جوروٹ کو یہ پوزیشن پسند تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ امید کر رہے ہیں کہ وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر دوبارہ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔