Live Updates

حکومت اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے‘نگران وزیراعظم کے تقررکا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جاتا نظرآرہا ہے-خورشید شاہ

وزیراعظم کو ہمارے نام مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں، اپوزیشن کے نام مسترد نہیں ہو سکتے بلکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 23 مئی 2018 13:23

حکومت اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے‘نگران وزیراعظم کے تقررکا معاملہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 مئی۔2018ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جاتا نظر آرہا ہے ۔ اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم کے تقرر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے حکومتی رویے پر مایوسی کا اظہار کیا اور معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جانے کا عندیہ دے دیا۔

خورشید شاہ نے کہا لگتا ہے نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائیگا، حکومت معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے، وزیراعظم کو ہمارے نام مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں، اپوزیشن کے نام مسترد نہیں ہو سکتے بلکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ کے درمیان نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر گزشتہ روز پانچویں ملاقات ہوئی تاہم کسی نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کی جانب سے نگراں وزیراعظم کیلئے سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف اور سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی، عبدالرزاق داﺅد اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔واضح رہے نگراں وزیراعظم کے لیے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی، ناصر الملک، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی، سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر، سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب عبداللہ حسین ہارون کے نام زیر گردش ہیں جب کہ پیپلزپارٹی نے سابق چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رہنے والے جلیل عباس جیلانی کے نام پیش کیے ہیں۔

موجودہ حکومت کی آئینی مدت 31 مئی 2018 کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد نگراں حکومت آئندہ انتخابات تک اپنی ذمہ داریاں سنھالے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات