Live Updates

سبیکا عزیز شیخ کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے قبرستان میں سپرخاک کردیا گیا

گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات کی شرکت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 23 مئی 2018 12:39

سبیکا عزیز شیخ کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے قبرستان میں سپرخاک ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 مئی۔2018ء) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے ہائی سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی 17 سالہ پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے عظیم پورہ قبرستان میں سپرخاک کردیا گیا۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سبیکا کے والد نے کہا کہ سب لوگوں کی ہمدردی کے باعث ہمارا غم ہلکا ہوا ہے، وزیراعظم میرے گھر آئے تو گویا 20 کروڑ عوام نے مجھ سے تعزیت کرلی۔

جبکہ سبیکا کے تایا نے دہشت گردی کو پوری دنیا کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے اس قسم کے واقعات کی روک تھام کرنی ہوگی۔اس سے قبل ان کی نماز جنازہ گلشن اقبال کے حکیم سعید گراﺅنڈ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عامر خان، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ سبیکا فائرنگ کے واقعے میں شہید ہوئیں ہیں، اگر پاکستان بتدریج دہشت گردی کے واقعات میں کمی لا سکتا ہے تو امریکا کو بھی اس ضمن میں ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے۔واضح رہے کہ سبیکا شیخ کا جسدِ خاکی بدھ کے دن علی الصبح ترکش ایئر لائن کی پرواز TK-708 کے ذریعے 3 بج کر 55 منٹ پر کراچی پہنچا۔

سبیکا کی میت وصول کرنے کے لیے ان کے والد، تایا اور قریبی عزیز و اقارب کے علاوہ سیاسی شخصیات بھی پہنچیں، جن میں صوبائی وزیرِ بلدیات جام خان شورو، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی، ایم کیو ایم پاکستان کے علی رضا عابدی اور کامران ٹیسوری، تحریک اںصاف کے فیصل واوڈا اور حلیم عادل شیخ، پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما ارتضیٰ فاروقی، ندیم راضی اور دیگر شامل تھے۔

سبیکا شیخ کی میت کو ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، بعد ازاں اے ایس ایف کی ایمبولینس میں سبیکا کی میت گھر پہنچا دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیکساس فائرنگ میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی ناگہانی موت پر تعزیت کی اور معصوم جان کے زیاں پر اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

سبیکا کے گھر تعزیت کرنے کے لیے آنے والے افراد کا سلسلہ جاری ہے جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، گورنر سندھ محمد زبیر اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی شامل تھے۔اس کے علاوہ گزشتہ دنوں امریکی سفیر بھی اہل خانہ سے تعزیت کے لیے ان کے گھر پہنچے اور افسوس کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ سبیکا کی پہلی نماز جنازہ ہیوسٹن میں ادا کی گئی جس میں امریکا میں مقیم پاکستانی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر ان کی میزبان فیملی بھی موجود تھی جنہوں نے اس المناک سانحے میں سبیکا کی ہلاکت پر انتہائی غم کی حالت میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج کے تحت ہیوسٹن سانٹافے سکول میں زیر تعلیم 17 سالہ پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ گزشتہ دنوں سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 10 افراد میں شامل تھیں۔سبیکا کے والد عبدالعزیز شیخ نے بتایا کہ سبیکا 3 بہنوں میں سب سے بڑی لیکن بھائی سے چھوٹی تھیں اور 9 جون کو واپس گھر آرہی تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات