پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ سرفراز احمد کا بطور کپتان بھی پہلا ہوگا

بدھ 23 مئی 2018 12:34

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ سرفراز احمد کا بطور کپتان بھی پہلا ہوگا۔ شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج 24مئی کو لارڈز کرکٹ گرائونڈ پر پاکستانی وقت کے مطابق تین بجے دوپہر شروع ہوگا۔

پاکستان ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے، سرفراز احمد نے اب تک انگلینڈ کے خلاف کسی بھی میچ میں کپتانی نہیں کی ۔ انگلینڈ کے خلاف میچ ان کا بطور کپتان پہلا میچ ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے امام الحق، بابر اعظم، شاداب خان، فہیم اشرف، حارث سہیل اور محمد عباس پہلی بار اس تاریخی گراؤنڈ پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، اظہر علی، محمد عامر اور حسن علی دو سال قبل لارڈز کے گراؤنڈ پر کھیل چکے ہیں ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میزبان ٹیم کو دباؤ کا شکار کریں گے، محمد عامر پیس اور سوئنگ کی مہارت سے بلے بازوں کیلئے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اضافی پیسر کھلانے کا مسئلہ حل کر دیا ہے جب کہ شاداب خان کا ٹرن اور کنٹرول کار آمد ہتھیار ثابت ہوگا۔

انکا کہنا ہے کہ امام الحق نے دباؤ میں اچھی اننگز کھیل کر اپنی اہلیت ثابت کردی ہے، بابر اعظم بھی ٹیسٹ فارم میں بحالی کی جانب گامزن ہیں۔ اظہر علی اور اسد شفیق بڑے میچز کے کھلاڑی ہیں۔ دونوں متعدد بار اپنی صلاحیتیں ثابت کرچکے ہیں وہ جدید کرکٹ کے حربے سیکھ رہے ہیں۔ میزبانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ محمد عامر مکمل فٹ اور میچ کھیلنے کیلئے تیار ہیں حسن علی اور راحت علی میں سے ایک کھلاڑی فائنل الیون کا حصہ بنے گا۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں اور وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :