Live Updates

عام انتخابات سے قبل سیاسی جوڑ توڑ عروج پر

مسلم لیگ ن نے پاکستان تحریک انصاف کے باغی رہنماؤں کو پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 مئی 2018 12:25

عام انتخابات سے قبل سیاسی جوڑ توڑ عروج پر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مئی 2018ء) : عام انتخابات قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کئی سیاسی رہنما اپنی اپنی پارٹیاں چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، فی الوقت پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی رہنماؤں میں مقبول ترین جماعت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے کئی انتخابی رہنماؤں نے حال ہی میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی جس نے بالخصوص مسلم لیگ ن کی سیاسی ساکھ کو کافی متاثر کیا ہے۔

تاہم اب مسلم لیگ ن نے بھی حالات کے پیش نظر ایک بڑا فیصلہ کر لیاہے۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق مسلم لیگ ن نے پاکستان تحریک انصاف کے باغی رہنماؤں کو پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے وفاداریاں تبدیل کرنے والے اپنے اراکین اسمبلی کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے باغی اُمیدواروں کو مسلم لیگ ن میں شامل کرکے انہیں الیکشن لڑوانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، گزشتہ روز کامونکی سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا عمر نذیر جو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں ، کے مقابلے میں 2013ء کے پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار ذوالفقار علی بھنڈر نے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز سے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایسے ہی دیگر کئی ارکان سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ باغی رہنماؤں کو اپنی پارٹی میں شامل کر کے پارٹی کی متاثرہ ساکھ کو بحال کیا جاسکے۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے حالیہ بیانیے کی وجہ سے پارٹی کو کافی نقصان اُٹھانا پڑا، مسلم لیگ ن کے کئی اراکین اسمبلی نے نواز شریف کے بیانیے سے اختلاف کرتے ہوئے پارٹی کو خیر باد کہا جس سے حکومتی جماعت کی ساکھ کو کافی نقصان پہنچا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات