بھارتی لڑکی گیتا کے لئے 50 رشتے آ گئے،25 کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا

گیتا کو اِن 25 افراد کے معلومات اور تصاویر دکھائی جائیں گی،سربراہ ضلعی انتظامیہ نیہا مینا

بدھ 23 مئی 2018 12:31

بھارتی لڑکی گیتا کے لئے 50 رشتے آ گئے،25 کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2018ء) پاکستان سے بھارت جانے والی قوت سماعت اور گویائی سے محروم بھارتی لڑکی گیتا کے لئے 50 رشتے آگئے،جن میں سے 25 کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔بھارتی اخبار کے مطابق گیتا کے رشتے کے لئے فیس بک پر اشتہار دیا گیا تھا جس کے بعد 50افراد نے شادی کے لئے پیغامات بھیجے تھے اور بھارتی وزارت داخلہ نے جانچ پڑتال کے بعد گیتا کے لئے 25 رشتوں کو موزوں قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ضلع اندور میں پنچائت کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نیہا مینا نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کو گیتا کی ان لوگوں سے ملاقات کے لئے ہدایت کردی گئی ہے تاکہ وہ اپنی مرضی سے رشتے کا انتخاب کرسکے۔نیہا مینا کا کہنا تھاکہ گیتا کو اِن 25 افراد کے معلومات اور تصاویر دکھائی جائیں گی۔واضح رہے کہ بھارتی سماجی کارکن گیانیندرا پوروہیت نے 10اپریل کو فیس بک پر ایک پوسٹ میں گیتا کے لئے 25 سال سے زائد عمر کے افراد سے رشتے طلب کیے تھے۔گیتا اِن دنوں اندور کی ایک این جی او میں قیام پذیر ہے اور مدھیہ پردیش حکومت کا محکمہ سماجی انصاف اٴْس کی دیکھ بھال کررہا ہے۔اب تک اس کے والدین ہونے کے 10دعویدار سامنے آچکے ہیں لیکن کوئی بھی دعوے کو ثابت نہیں کرسکا ہے۔