کٹھ پتلی انتظامیہ بے بنیاد مقدمات کے ذریعے مسرت عالم کی غیر قانونی نظر بندی کی طول دے رہی ہے، جموںوکشمیر مسلم لیگ

بدھ 23 مئی 2018 12:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم لیگ نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ اسکے چیئرمین مسرت عالم بٹ کی غیر قانونی طور پر نظر بندی کو بے بنیاد مقدمات کے ذریعے طول دے رہی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ مسرت عالم بٹ کوسرینگر کے نوہٹہ تھانے میں ان کے خلاف درج ایک بے بنیاد مقدمے میں پیشی کی غرض سے منگل کے روز جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے سرینگر لایا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرینگر نے مقدمے کی سماعت کے بعد اگلی شنوائی دو جون کو مقرر کر دی جس کے بعد مسرت عالم کو واپس کوٹ بھلوال جیل منتقل کی گیا۔ ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے بے بنیاد مقدمات کے ذریعے مسرت عالم بٹ کی نظر بندی کو طول دینے کی ایک نئی پالیسی وضح کر لی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔ انہوںنے عالمی ریڈ کراس، ہیومن رائٹس واچ اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مسرت عالم کو بدترین سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔ ترجمان نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے مسرت عالم بٹ کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔

متعلقہ عنوان :