محکوموں کے زخموں پر نمک پاشی کرنا غاصبوں کاوطیرہ ہے

سید علی گیلانی کی افطار کے وقت شہریوں پربھارتی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کی مذمت کشمیری عوام بھارت کی چانکیائی سیاست اچھی طرح سمجھتے ہیں، تحریک حریت

بدھ 23 مئی 2018 12:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع شوپیان کے علاقے درد کالی پورہ میں افطار کے وقت شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ اور چارطالبات کو زخمی کرنے کی وحشیانہ کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ محکوموں کے زخموں پر نمک پاشی کرکے ذہنی تسکین حاصل کرنا جابروں اور غاصبو ں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج ایک عرصے سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف خاص طور جنوبی اضلاع میں شہریوں کا قتل عام کر رہی ہے اور اب یہ وردی پوش اہلکار ستم رسیدہ اور غم زدہ لوگوں کو کھجور کے چند دانے دیکر مصنوعی ہمدردی کا ڈرامہ رچانا چاہتے تھے لیکن غیور کشمیریوں نے اس بھونڈی خیر سگالی کا پردہ چاک کیاجس پر قابض اہلکار آپے سے باہر ہو گئے اور گولیوں سے انہیں افطار کروایا ۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ ہٹ دھرمی کی اس سے بڑی اور کیا مثال ہوسکتی ہے کہ جموںوکشمیر پر زبردستی قبضہ جمانے والے بھارتی فوج افطار پارٹیوں کا ڈرامہ رچاکر پارسا بننے کی ناکام کوشش کررہی ہے اور جو اس کا حصہ بننا نہیں چاہتے ان پر اپنی سفاکیت اور وحشت کا رعب جماتی ہے۔ تحریک حریت جموں کشمیر نے بھی ایک بیان میںضلع شوپیاں میں افطار پارٹی کے دوران نہتے لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بناکر چار طالبات کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوا م بھارت کی چانکیائی سیاست اچھی طرح سمجھتے ہیں ۔

بیان میں کہا گیا کہ قابض بھارتی فورسز نے شوپیا ں اور جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بے گناہ کشمیریوں کے لاشوں کے ڈھیر لگا دیے ہیں لہذا غیور شہری کیسے ان کی افطار پارٹیوں میں شریک ہوں گے ۔ بیان میں کہا گیا کہ جبر ی افطار پارٹیوں کا انعقاد دراصل ستم رسیدہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے متراد ف ہے۔بیان میں دانش رشید بٹ، بلال احمد آہنگر اور فیصل احمد پلوامہ کی گرفتاری اور ان پر کالے قانون پبلک سیفٹی کے اطلاق اور نادی ہل بانڈی پوری کے رہائشی کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی گئی ۔

بیان میں سینٹرل جیل سرینگر میں نظر بند جاوید احمد بٹ کی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام 27/مئی بمطابق 10/رمضان المبارک کو سرینگر حیدرپورہ س میں ’’نزولِ قرآن کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانفرنس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کریں گے۔