ملک میں سائیکلنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ویلڈرم بنانے کی ضرورت ہے، اظہر شاہ

بدھ 23 مئی 2018 12:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر شاہ نے کہا کہ ہے کہ ملک میں سائیکلنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سائیکلسٹ کیلئے ویلڈرم بنانے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سائیکلنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں ایک ویلڈرم لاہور میں موجود ہے جو کہ خراب ہے لیکن ہم کئی بار پنجاب سپورٹس بورڈ کی کو لکھ چکے ہیں لیکن ابھی تک اس ویلڈرم کو مرمت نہیں کیا گیا۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ملک کے دیگر شہروں میں ویلڈرم بنائیں جائیں تاکہ سائیکلنگ کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ہر سال ایک کھلاڑی اور ایک کوچ کو تربیت کیلئے کوریا بھیج رہی ہے اس سال کھلاڑی حلیمہ اور کوچ مصباح مشتاق کو تربیت کیلئے بھیجا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سب سے سائیکلنگ کے کھیل پر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کام کر رہی ہے اور کئی انٹرنیشنل سطح پر مقابلوں میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کو بھیجا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے زیراہتمام اگست میں کوئٹہ سے زیارت میں قومی سائیکلنگ ریس ہوگی اور لاہور میں سائیکلنگ کوچنگ کورس ہوگا۔ ستمبر میں کراچی سے حیدرآباد تک قومی سائیکلنگ ریس ہوگی۔ اکتوبر میں 64 ویں قومی مینز اینڈ ویمنز ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ لاہور میں منعقد ہوگی۔ نومبر میں ٹور ڈی گلیات نیشنل سائیکل ریس اور اسلام آباد سے مری تک نیشنل روڈ ریس بھی ہوگی جبکہ نومبر میں بین الصوبائی سائیکلنگ ٹریک چیمپئن شپ لاہور میں ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت دیگر کھلاڑیوں کی طرح سائیکلنگ پر توجہ دے تاکہ اس کھیل میں بھی انٹرنیشنل سطح پر میڈل حاصل کئے جا سکیں۔