ڈکیتی میں مطلوب ملزمان کاتعاقب کرنے پر ایس ایچ او صدر پر فائرنگ،دو نامزد ملزمان سمیت دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج

بدھ 23 مئی 2018 11:50

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) ڈکیتی میں مطلوب ملزمان کا تعاقب کرنے پر ملزمان نے ایس ایچ او صدر پر فائرنگ کر دی، صدر پولیس نے دو نامزد ملزمان سمیت دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او صدر محمد نسیم خان کو اطلاع ملی کہ ڈکیتی میں مطلوب دو ملزمان عدیل اور فیاض عرف فیضی کلگاں موڑ کے قریب موجود ہیں جس پر ایس ایچ او نے ان کا تعاقب کیا تو ملزمان فرار ہونے لگے۔

پولیس کے تعاقب پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس نے تعاقب جاری رکھا مگر ملزمان بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ فیاض عرف فیضی اور عدیل تھانہ صدر پولیس کو ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب ہیں۔ پولیس نے دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔