پی ایس ایف کا کراچی اور لاہور میں پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) کے دو ایونٹس کے شیڈول کا اعلان

بدھ 23 مئی 2018 11:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) پاکستان سکواش فیڈریشن نے کراچی اور لاہور میں پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) کے دو ایونٹس کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ دونوں ایونٹس عید الفطر کے بعد کھیلے جائیں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال کے مطابق اسلام آباد میں حال ہی میں پاکستان سرکٹ ون ٹورنامنٹ کی کامیابی سے انعقاد کے بعد دوسرا ایونٹ ایس این جی پی ایل پاکستان سرکٹ ٹو مینز اینڈ ویمنز عید الفطر کے بعد 26جون سے یکم جولائی تک لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں خواتین کا ایونٹ 5ہزار ڈالر جبکہ مردوں کا ایونٹ 10ہزار ڈالر کا ہوگا ۔

اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

فیڈریشن نے پی ایس اے کی جانب سے میزبانی دینے والے تیسرے ایونٹ کا شیڈول بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق جوبلی انشورنس پاکستان سرکٹ تھری سکواش ٹورنامنٹ 6 سے 11جولائی تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں بھی ملک بھر سے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کیلئے بھی انعامی رقم مردوں کیلئے 10ہزار ڈالر اور خواتین کیلئے 5ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں پاکستان سرکٹ ون سکواش ٹورنامنٹ رواں ماہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا تھا جس میں قومی کھلاڑی فرحان محبوب نے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس اے نے رواں سال 70 ہزار ڈالر تک دیگر بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو دی ہے جس کیلئے جلد انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی اور اس ایونٹ میں دنیا بھر سے نامور کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔