امریکی سکول میں فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ کراچی میں سپرد خاک

نماز جنازہ میں گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ، سیاسی رہنمائوں اور شہریوںکی کثیر تعداد میں شر کت ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں نے قومی پرچم میں لپٹی میت کو سلامی پیش کی ، کارگو ٹرمینل پرا مریکی قونصل جنر ل ، دیگرسیاسی شخصیات موجود تھیں سبیکا شیخ یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت امریکی سکول میں زیر تعلیم تھیں

بدھ 23 مئی 2018 11:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ کو شاہ فیصل کالونی کے عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ سبیکا کی نماز جنازہ بدھ کے روز یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گرائونڈ پر ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر سیاسی شخصیات کے علاوہ سبیکا کے اہل خانہ،عزیزواقارب اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شر کت کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سبیکا شیخ کی میت کو علی الصبح غیر ملکی پرواز کے ذریعے کراچی ائیر پورٹ کے کارگو ٹرمینل پر لایا گیا۔ اس موقع پر میت کی وصولی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔قومی پرچم میں لپٹی سبیکا شیخ کی میت کو ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی جس کے بعد میت کو ورثا کے حوالے کیا گیا اس موقع پر کارگو ٹرمینل پرا مریکی قونصل جنر ل جان ورانر سمیت دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔ سبیکا شیخ یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت وہاں کے سکول میں زیر تعلیم تھیں اور انہیں9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔واضح رہے کہ18 مئی کو اسی سکول کے ایک طالب علم کی فائرنگ سے سبیکا سمیت متعدد طالبعلم جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔