Live Updates

حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی

اگلے ماہ یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 مئی 2018 10:37

حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مئی 2018ء) : حکومت نے جاتے جاتے عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی ۔ اگلے ماہ یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ، جس کے بعد یکم جون سے ملک بھر میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگلے ماہ یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ سے چھ روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 6 روپےفی لیٹرتک اضافہ ہو سکتا ہے، جب کہ ہائی آکٹین کی قیمت میں 8 روپےفی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ انڈسٹری ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے کا اثر بھی اگلے ماہ کی قیمت پر آئے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 31 مئی کو ملک میں مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہو جائے گی جس کے بعد ایک نگران حکومت آئے گی اور آئندہ الیکشن بھی نگران حکومت کی زیر نگرانی ہوں گے۔ الیکشن نزدیک آتے ہی نگران وزیر اعظم کی تعیناتی کا معاملہ اہمیت اختیار کرتا جارہا ہے، گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کے مابین چھٹی ملاقات ہوئی لیکن نگران وزیراعظم کے لیے کسی ایک نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے نگران وزیراعظم کے لیے تین نام تجویز کر رکھے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے تجویز کردہ ناموں میں جسٹس ر ناصرالملک ، تصدق جیلانی اور عشرت حسین کے نام شامل ہیں۔ حکومتی جماعت مسلم لیگ ن نے آئندہ نگران سیٹ اپ کے لیے اپنے نام وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پیش کیے۔ تحریک انصاف نے بھی نگران وزیراعظم کیلئے جو نام اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو پیش کیے ہیں ان ناموں میں تصدق جیلانی اور عشرت حسین کے نام شامل ہیں ۔جبکہ پیپلزپارٹی نے ذکا اشرف اور جلیل عباس جیلانی کو نگران وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدوار نامزد کر رکھا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات