موجودہ حکومت نے دہشت گردی ، عسکریت پسندی اور توانائی بحران کو حل کیا ، ملکی معیشت کو مستحکم کردیا،سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم

بدھ 23 مئی 2018 00:30

موجودہ حکومت نے دہشت گردی ، عسکریت پسندی اور توانائی بحران کو حل کیا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے دہشت گردی و عسکریت پسندی سمیت توانائی بحران کو حل کیا اور ملکی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالا تو ملک میں توانائی بحران سمیت دہشت گردی و انتہا پسندی عروج پر تھی جبکہ ملکی معیشت کا بھی کافی برا حال تھا لیکن ہماری قیادت نے اقتدار سنھالتے ہی نہ صرف ان تمام مسائل کے حل کے لیے مثبت و ٹھوس اقدامات اٹھائے بلکہ موثر و کارآمد پالیسیاں اپناتے ہوئے ان تمام چیلنجز کے حل کے لیے مناسب حکمت عملی ترتیب دی جس کی بدولت آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے کافی بہتر اور پرامن ہے جو ترقی بھی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی 100 دنوں کی منصوبہ بندی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی 5 سالہ کارکردگی ان کی اس منصوبہ بندی کو واضح کرتی ہے کیونکہ وہاں انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔ سینیٹر عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 2013ء کے انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے اور یہ عوامی خدمت کا سفر آج بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔