حکومت قرضوں کو صنعت و توانائی کے شعبوں کو چلانے کے لیے درکار مشینری کی درآمد کے لیے استعمال کر رہی ہے

وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

بدھ 23 مئی 2018 00:20

حکومت قرضوں کو صنعت و توانائی کے شعبوں کو چلانے کے لیے درکار مشینری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت قرضوں کو صنعتی و توانائی کے شعبوں کو چلانے کے لیے درکار مشینری کی درآمد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ورضوں کے استعمال سے درآمد کی جانے والی اس مشنری کے بہتر نتائج مرتب ہوں گے اور بڑی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے جس سے عوام خوشحال ہو گی اور ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت نے کسانوں کو آسان قرضے بھی فراہم کیے ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ 2013ء میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آنے کے بعد توانائی کے متعدد منصوبوں کو شروع کیا اور نظام کے ہموار بہائو کے لیے قومی گرڈ میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کی جس سے آج ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں ملک میں اضافی بجلی دستیاب ہو گی کیونکہ بہت سے پاور پلانٹس مکمل ہونے کے قریب ہیں۔ پی ٹی آئی کے 100 دنوں کی منصوبہ بندی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے علاقوں میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تو اپنے علاقے میں میٹرو بس کا ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں کر سکی۔