ایم کیو ایم اور پی پی پی سندھ میں لسانیت اور صوبائیت کو لے کر نورا کٴْشتی بند کریں، رضا ہارون

بدھ 23 مئی 2018 00:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2018ء) سیکریٹری جنرل پی ایس پی رضا ہارون نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پی پی پی سندھ میں لسانیت اور صوبائیت کو لے کر نورا کٴْشتی بند کریں۔ سندھ میں بسنے والے سندھی اور مہاجروں کو لڑانے کی سازش اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں۔ اپنے ایک بیان میں رضاربانی نے کہا کہ مراد علی شاہ کا سندھ اسمبلی میں جذباتی ڈرامائی بیان دراصل ان دونوں جماعتوں کی سازش ہے۔

ان دونوں جماعتوں کے پاس کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں اسی لئے اب سندھی اور مہاجر کارڈ کھیلنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سازش کا آغاز پی پی پی نے لیاقت آباد جلسے سے تعصب اور نفرت بھری تقریر سے کیا اور ایم کیو ایم نے جواباً اسی جگہ سے لسانیت اور عصبیت کا نعرہ لگایا۔

(جاری ہے)

سندھ کے عوام ہوشیار ہوں اور اپنے اتحاد سے پی پی پی اور ایم کیو ایم کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیں۔

رضا ہارون نے مزید کہا کہ ملک بھر میں جہاں جہاں انتظامی یونٹس بنانے کی آواز لگائی جائے اسے غیرآئینی یا غیرجمہوری نہیں کہا جا سکتا۔وقت آ گیا ہے کہ آئین کی آرٹیکل ۱۴۰ اے کے تحت مقامی حکومت کو مکمل سیاسی، انتظامی اور مالی احتیارات دئیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی والے اس موجودہ ایم کیو ایم اور اپوزیشن لیڈر کو دیکھ اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ ان کی گالی گلوچ کا جواب دینے والا کوئی نہیں دونوں جماعتوں کا حصول اقتدار کیلئے سازشی متعصبانہ کردار انتہائی قابل مذمت ہے۔#