سگریٹ نوش حضرات ہوشیار ہو جائیں

افطاری کے فورا بعد سگریٹ پینا دل کے دورے کا باعث بن سکتا ہے، طبی ماہرین نے خبردار کر دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 22 مئی 2018 23:39

سگریٹ نوش حضرات ہوشیار ہو جائیں
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مئی 2018ء) :سگریٹ نوش حضرات ہوشیار ہو جائیں۔ افطاری کے فورا بعد سگریٹ پینا دل کے دورے کا باعث بن سکتا ہے، طبی ماہرین نے خبردار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کا پہلا عشرہ نصف سے زیادہ گزر چکا ہے ۔دنیا بھر کے مسلمان اس ماہ مبارک کی نعمتوں اور برکتوں میں سے زیادہ سے زیادہ حصہ وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دن رات عبادات اور تسبیح و تہلیل اس ماہ مقدس کی خاص بات ہے۔عبادات کے علاوہ مسلم معاشرے میں رمضان کے ساتھ جڑی بہت سئ خاص روایات بھی ہیں جن میں سے سحر و افطار کا اہتمام ہے۔ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے سحر و افطار کو اپنی حیثیت کے مطابق بہترین بنائے۔روزے کی افطاری میں جہاں بہت سی قسموں کے طعام و مشروبات کا اہتمام کیا جاتا ہے اسی موقع پر روزہ رکھنے والے سگریٹ نوش حضرات بے تابی سے روزے کے افطار ہونے کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں تا کہ جلد از جلد اپنی تمباکو نوشی کی حس کو تسکین پہنچا سکیں۔

(جاری ہے)

تاہم سگریٹ نوش حضرات ہوشیار ہو جائیں۔ افطاری کے فورا بعد سگریٹ پینا دل کے دورے کا باعث بن سکتا ہے، طبی ماہرین نے خبردار کر دیا۔کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں رمضان کے حوالے سے ہونے والے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انعام دانش نے ترکی میں ہونے والی تحقیق کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی کے مضر اثرات نہایت خطرناک ہوتے ہیں، بلڈ پریشر کے اچانک بڑھنے کی وجہ سے دل کے دورے کا بھی احتمال رہتا ہے جو فوری موت کا باعث بن سکتا ہے۔اسی طرح ماہرین غذائیت کا کہنا تھا کہ رمضان میں افطار کے وقت آپکے جسم میں پانی، گلوکوز اور آکسیجن کی سخت ضرورت ہوتی ہے اور جب افطار کے ساتھ ہی سگریٹ پی جائے تو اسکے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں