چیئر مین ایچ ا ی سی کی نامزد گی سرچ کمیٹی کی 2 ماہ کی بیٹھکوں کے بعد بھی نہ ہوسکی

خواہشمند 111 امیدواروں سے کسی ایک پر حتمی رائے قائم نہ کر سکی وزیراعظم کو بھیجی گئی 7 ناموں پر مشتمل پینل لسٹ پر از خود کمیٹی کے درج کردہ نوٹس میں متعدد تحفظات

بدھ 23 مئی 2018 00:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خالی پوسٹ پر نامزد گی کیلئے قائم سرچ کمیٹی 2 ماہ کی بیٹھکوں کے بعد خواہشمند 111 امیدواروں سے کسی ایک پر حتمی رائے قائم نہ کر سکی۔ وزیراعظم کو سرچ کمیٹی کی طرف سے بھیجی گئی 7 ناموں پر مشتمل پینل لسٹ پر از خود کمیٹی کے درج کردہ نوٹس میں متعدد تحفظات درج کئے ہیں۔

جس میں وزیراعظم پاکستان کی طرف سے مسترد کرتے ہوئے از سر نوپینل لسٹ مرتب کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سرچ کمیٹی کی طرف سے وزیراعظم پاکستان کو 7 ناموں کی بھیجی گئی پینل لسٹ میں سابق چیئر مین ڈاکٹر مختارا حمد کا نام بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے انتخابات کیلئے قائم سرچ کمیٹی کی طرف سے 2 ماہ کی تک و دو کے بعد 7 ناموں میں مشتمل تیار کی گئی پینل لسٹ پر سرچ کمیٹی نے از خود تحفظات درج کر رکھے تھے۔

(جاری ہے)

وزارت وفاقی تعلیم کے سینئر افسر کے مطابق سرچ کمیٹی کی تیار کردہ پینل لسٹ کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ سرچ کمیٹی اراکین چیئر مین ایچ ای سی کے انتخابات کے لئے کنفیوزن کا شکار تھے۔ جو 100 سے زائد خواہشمند امیدواروں میں سے کسی ایک پر بھی ختمی رائے قائم نہ کر سکے جس میں سرچ کمیٹی کی طرف سے وزیراعظم ہاؤس کو بھیجی گئی 7 ناموں پر مشتمل پینل لسٹ کو وزیراعظم پاکستان کی طرف سے مسترد کرتے ہوئے کمیٹی کو نئے سرے سے از سر نو پینل لسٹ مرتب کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی موجودہ حکومتی دورانیہ ختم ہونے سے قبل مستقل چیئر مین ایچ ای سی کی تعیناتی کیلئے سنجیدہ ہیں تا ہم چیئر مین کے انتخابات کیلئے قائم سرچ کمیٹی شاہد اس پوسٹ کے لئے کس فرشتہ کی تلاش میں ہیں جس کے سبب 2 ماہ کے طویل دورانیہ اور تک و دو کے باوجود تا حال کمیٹی کی طرف سے ایک شخص پر حتمی اتفاق رائے قائم نہیں کیا جا سکا۔