ژوب میں گزشتہ دو سالوں میں اہم ترقیاتی منصوبے ہم نے شروع کئے ہیں، صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل

منگل 22 مئی 2018 23:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیر زراعت و امداد باہمی شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ژوب میں گزشتہ دو سالوں میں جو اہم ترقیاتی منصوبے ہم نے شروع کئے ہیں اس کی بدولت علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہواہے،ژوب کے عوام نے ہمارے کاروان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے ترقیاتی کاموں اور شہر کی حالت بدلنے کی وجہ سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہے، وہ پروپیگنڈے کریں اور ہم اس بار بھی انہیں شکست سے دوچار کرینگے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاکڑ قبیلے کے معتبرین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جعفر مندوخیل نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ژوب میں ترقی اور خوشحالی کی بلاامتیاز اور بلا خیل وزئی کام کیا ہے اور علاقے میں امن کے قیام کے لئے کردار ادا کیا ہے، ژوب میں اس مرتبہ جو حلقہ الیکشن کمیشن نے تشکیل دیا ہے میں کاکڑ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے علاقوں کی پسماندگی کا ترجیحی بنیادوں پر خاتمہ کرینگے اور علاقے میں ترقی کا جال بچھا دینگے،جعفر مندوخیل نے کہا کہ پینے کی صاف پانی کی فراہمی ،صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولتوں سڑکوں کی تعمیر اور زرعی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائیگی اور علاقے میں ایک نئے دور کا آغاز کرینگے،جعفر مندوخیل نے کہا کہ مخالفین کو ہماری کارکردگی اور ترقیاتی سوچ سے خوف ہے اور انہیں علم ہے کہ اس بار بھی ترقی اور خوشحالی کے کاروان کو جیت نصیب ہوگی۔