مقبوضہ کشمیر سمیت انڈیا میں مسلم اقلیتوں کی نسل کشی سے سیکولر بھارت کا نام نہاد چہرہ بے نقاب ہوگیاہے، ممتاز سہتو

اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے بھارت کی انسانیت دشمن کاروائیوں کا نوٹس اور مسلم اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ممتاز سہتو

منگل 22 مئی 2018 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سمیت انڈیا میں مسلم اقلیتوں کی نسل کشی سے سیکولر بھارت کا نام نہاد چہرہ بے نقاب ہوگیاہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے بھارت کی انسانیت دشمن کاروائیوں کا نوٹس اور مسلم اقلیتوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ بھارتی انتہاپسندوں کی مسلمانوں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک اور بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی اور انسانیت سوز مظالم کی تمام حدیں پار کردیں ہیں حتیٰ کہ مسلمانوں کے مقدس مہینہ رمضان شریف میں بھی روزہ،تراویح،سحری وافطاری کے دوران مختلف طریقوں سے اذیت دیکر پریشان کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ابتک گائے ذبح کرنے کے الزام میں کئی مسلمانوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندرامودی جب سے اقتدار میں آئے ہیں مسلمانوں کیلئے زمین تنگ کردی گئی ہے۔مسلمانوں کو اپنی مرضی سے عبادت کرنے کے حق سے بھی محروم کردیا گیا ہے جو کہ انسانی حقوق اور مذہبی آزادیوں کے سراسر خلاف ہے،اقوام عالم کو بھارتی ظلم کا نوٹس لیکر مسلم اقلیتوں کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔