Live Updates

عوام مجلس عمل کو کامیاب بنائیں تاکہ اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم ہوسکے،حافظ نعیم الرحمن

70سال گزرنے کے باوجود پاکستان کو اس کے اصل مقصد اور روح کے مطابق نہیں قائم کیا جاسکا ،PS-94میں دعوت افطار سے خطاب

منگل 22 مئی 2018 23:42

عوام مجلس عمل کو کامیاب بنائیں تاکہ اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حا فظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت تک انصاف قائم نہیں ہوسکتا جب تک کہ اسلامی نظام حکومت قائم نہ ہوجائے ، اسلام کا عادلانہ نظام ہی سب کو انصاف فراہم کرسکتا ہے اور اس نظام میں امیرو غریب ، حاکم و عوام سب کے ساتھ یکسا سلوک ہوسکتا ہے ،رواں سال قومی انتخابات میں تمام دینی و مذہبی جماعتیں متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے گی ، شہری اتخابات میں متحدہ مجلس عمل کو کامیاب بنائیں تاکہ ملک میں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی PS-94کے تحت اورنگی ٹاؤن میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ رمضان المبارک صبرو استقامت اور ایثار و قربانی کا مہینہ ہے جو برائیوں سے بچاتا ہے نیکی اور خیر کے کام کرنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے ، ہمیں بڑھ چڑھ کرنیکی کے کاموں میں حصہ لینا چاہیئے اور زیادہ سے زیادہ رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنا چاہیئے ، ملک پاکستان رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ہی معرض وجود میں آیا تھا اوراسلامی نظام قائم کرنے کے لیے حاصل کیا گیا تھا لیکن افسوس کہ آ ج 70سال گزرنے کے باوجود پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق قائم نہیں کیا جاسکا،اسلام ہی ملک پاکستان کی بقاء ہے ہم سب کو مل کر اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی اور پاکستان کو اس کے اصل مقصد اورروح کے مطابق قائم کرنے کی جدوجہد کرنا ہوگی ۔

(جاری ہے)

اس ملک میں اس وقت تک بہتری نہیں آئے گی جب تک ملک میں احتساب کا نظام سب کے لیے یکساں نہ ہوجائے۔ انہوں نے کہاکہ خلیفہ وقت حضرت عمر ؓ کا ایک جوڑے کپڑے پر حساب ہوسکتا ہے تو پھر آ ج کے حکمرانوں کا احتساب کیوں نہیں ہوسکتا ۔ آج اگر حکمرانوں کا احتساب کیا جاتا ہے تو چاروں طرف بد تمیزی کا بازار گرم کردیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک میں اس وقت تک انصاف قائم نہیں ہوسکتا جب تک کہ اسلامی نظام حکومت قائم نہ ہوجائے ۔ اسلام کا نظام عدل ہی سب کو انصاف فراہم کرسکتا ہے اور اس نظام میں امیرو غریب ، حاکم و عوام سب کے ساتھ یکسا سلوک ہوسکتا ہے ۔ اس لیے ہمیں چاہیئے کہ اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظا م کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے مجلس عمل کا ساتھ دیں ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات