حافظ نعیم الرحمن کی جوزف کوٹس سے ملاقات ، پاکستان سے کارڈینئل منتخب ہو نے پر مبارکباد

امید ہے جوزف کوٹس کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم اور ریاستی جبرو تشدد کے خلاف آواز بلند کریں گے ،حافظ نعیم الرحمن

منگل 22 مئی 2018 23:42

حافظ نعیم الرحمن کی جوزف کوٹس سے ملاقات ، پاکستان سے کارڈینئل منتخب ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حا فظ نعیم الرحمن نے بشپ جوزف کوٹس سے ملاقات کی اور ان کو پاکستان سے کارڈینئل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و نگراں منارٹی ونگ مسلم پرویز ، جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ ، جنرل سیکریٹری پرویز بر کت ، نائب صدر سموئیل نذیر ، کونسلر نسرین اسٹیفن اور دیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے جوزف کوٹس کو گلدستہ اور مٹھائی بھی پیش کی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم محبتیں بڑھانے اور نفرتیں کم کر نے کے لیے آئے ہیں ۔ یہ بات باعث مسرت ہے کہ 24سال بعد پاکستان سے جوزف کوٹس کو کارڈ ینئل منتخب کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جو یقیناً فخر کی بات ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ان سے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ بحیثیت کارڈ ینئل مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے اور مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کے مظالم اور فلسطین میں اسرائیل کی فوج کی درندگی کے خلاف آواز بلند کریں گے اور مسلمانوں کے خلاف ریاستی جبر و تشدد ختم کرانے کے لیے کوشش کریں گے ۔

جوزف کوٹس نے حافظ نعیم الرحمن کی آمد اور مبارکباد دینے پر ان کا اور جماعت اسلامی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ انہوں نے جن ایشوز اور مسائل پر توجہ دلائی ہے اس حوالے سے وہ اپنا کردار ضرور ادا کریں گے ۔