کرپٹ سیاستدانوں نے بلوچستان کو تباہ وبربادکردیا ہے،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

منگل 22 مئی 2018 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں نے بلوچستان کو تباہ وبربادکردیا ہے بلوچستان کو دیانت دار قیادت ملنے سے مسائل حل ہوسکتے ہیں عام شہری موجودہ سیاست اور سیاسی نظام سے بے زار ہیں، جن لوگوں نے یہ ظلم و جبر اور استحصالی نظام مسلط کیاہے وہ ہر حال میں اقتدار پر قابض رہنا چاہتے ہیں ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت ہو یا مارشل لاء ، یہی چند خاندان اقتدار میں ہوتے ہیں اور انہی کی وجہ سے ملک و قوم مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کے یہی لوگ ذمہ دار ہیں اور ان کی وجہ سے یہ ہی عوام آئی ایم ایف کی ہتھکڑیوں میں جکڑے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان لوگوں نے اتنے قرضے لیے کہ اب ان کا سود ادا کرنا بھی مشکل ہوچکاہے، اس گندے اور شیطانی نظام کی نحوست ہے کہ معصوم بچوں اور بچیوں کے اغوا ، زیادتی اور پھر انہیں مار دینے کے واقعات ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ملک میں نظام مصطفی ؐ کا نفاذ چاہتی ہے ہم ایسا نظام چاہتے ہیں کہ کسی غریب کا استحصال نہ ہو، عام آدمی کو بھی تعلیم ، علاج ، روزگار اور انصاف جیسی بنیادی سہولتیں اس کی دہلیز پر ملیں ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت احتساب کا ایسا مضبوط نظام بنائے گی کہ کوئی بڑے سے بڑا صاحب اختیار بھی احتساب سے بچ نہیں سکے گا ۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ دجالی نظام میں یہ سکت نہیں کہ وہ کسی ظالم کا احتساب کر کے اسے نشان عبرت بناسکے ۔ انہوںنے کہاکہ حکمران آئین کی صرف ان دفعات پر عمل کرتے ہیں جن میں ان کے اختیارات کا ذکر ہوتاہے اور جن دفعات میں عوام کے حقوق کا ذکر ہو ، وہاں یہ اندھے ، گونگے اور بہرے بن جاتے ہیں ۔ متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آ کر اس ستر سالہ ظلم و جبر کے نظام کا خاتمہ کرے گی ۔ ہم وی آئی پی کلچر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور سودی نظام کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر کے ملک میں عشر و زکوة کا شرعی نظام رائج کریں گے۔