مسلم لیگ (ن) نے بھرپور طریقے سے عوام کی خدمت کی اور ملک کو درپیش چیلنجز کو بھی حل کیا،وفاقی وزیر مشاہداللہ خان

منگل 22 مئی 2018 23:28

مسلم لیگ (ن) نے بھرپور طریقے سے عوام کی خدمت کی اور ملک کو درپیش چیلنجز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھرپور طریقے سے عوام کی خدمت سرانجام دی ہے اور 2013ء میں ملک کو درپیش چیلنجز کو حل بھی کیا ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی گزشتہ 5 سالہ کارکردگی سے مطمئن ہے اور اپنی اسی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں عوام کے پاس جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لیے پہلے دن سے سازشیں کی جاتی رہی ہیں اور پارٹی کو سخت حالات کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود ہم سب اپنے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام اپنے قائد محمد نواز شریف کے پیچھے کھڑے ہیں اور ان کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن اور ایک صحت مند روایت بھی ہے تاہم محمد نواز شریف کے بیانیے پر پارٹی میں کوئی دراڑ نہیں۔