شفافیت ، میرٹ اور قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی ممکن نہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

منگل 22 مئی 2018 23:28

شفافیت ، میرٹ اور قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی ممکن نہیں،وزیراعلیٰ ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی حکمت عملی میں شفافیت اور عوامی فلاح کا عنصر نمایاں ہونا چاہیئے ۔ ترقیاتی عمل میں پس و پیش کرنا اور رکاوٹیں ڈالنا ایک مخصوص مائنڈ سیٹ ہے جو ناقابل برداشت ہے اور اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

ایم پی اے شوکت علی یوسفزئی اورپی ڈی اے کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پرترقیاتی حکمت عملی میں شفافیت کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ انکی حکومت کا خاصہ ہے کہ اس نے ماضی کی مروجہ بد عنوان سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی اور ہر سطح پر شفافیت کا عنصر متعارف کرایا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت کے شفاف طرز عمل سے خائف عناصر نے بہت پروپیگنڈہ کیا مگر ہم نے ترجیحات نہ بدلیں کیونکہ عوامی فلاح کے منصوبوں اور عوامی خدمات کے اداروں میں کرپشن برداشت نہیں کر سکتے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایک کرپٹ آدمی کرپشن سے اپنا دامن نہیں بچا سکتا۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن کے خلاف جنگ میں ہمیں بہت کچھ دیکھنے اور سمجھنے کو ملا ہے ۔ کرپشن کے آلے کرپٹ سسٹم میں ہی فٹ ہوتے ہیں۔ انکی ابتداء و انتہاء دونوں میں کرپشن بھی نمایاں ہوتی ہے ایک کرپٹ شخص پی ٹی آئی کا حصہ نہیں بن سکتا ۔ اسلئے کرپٹ کردار کو باہر نکالنے کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ پی ٹی آئی اور کرپشن دو متضاد چیزیں ہیں جو ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ شفافیت ، میرٹ اور قانون کی بالادستی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ شفاف ترقیاتی عمل کیلئے ضروری ہے کہ عوامی فلاح ہر سطح پر نمایاں رہے ۔ انہوںنے پی ڈی اے کو بھی اپنے کا م میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور عندیہ دیا کہ معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وسائل موجودہیں تو ترقیاتی عمل بھی تیز تر ہونا چاہیئے ۔ عوام کی مشکلات پر توجہ دیں اور ان کے حل کیلئے راستے نکالیں۔