Live Updates

پی ٹی آئی کو اگلے دور کا ایجنڈا پیش کرنے کی بجائے خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کی 5 سالہ کارکردگی کا حساب دینا چاہیئے،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

منگل 22 مئی 2018 23:28

پی ٹی آئی کو اگلے دور کا ایجنڈا پیش کرنے کی بجائے خیبرپختونخوا میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو اگلے دور کا ایجنڈا پیش کرنے کی بجائے صوبہ خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کی 5 سالہ کارکردگی کا حساب دینا چاہیئے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چاہیئے کہ وہ 2013ء کے اپنے منشور پر عملدرآمد کے بارے میں عوام کو بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی نے اپنے اس منشور پر بمشکل 10 فیصد کام کیا ہے جو ان کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ 90 دن میں خیبرپختونخوا سے کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے لیکن وہاں 90 دن میں کرپشن کیا ختم ہونی تھی کے پی کے میں احتساب کا ادارہ ہی بند کر دیا گیا جبکہ ان کے صوبائی وزراء پر کرپشن کے الزامات بھی لگے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صحت، تعلیم اور امن و امان سمیت دیگر تمام محکموں میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی کارکردگی سے سب لوگ اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں 20,20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے توانائی بحران پر قابو پا لیا ہے اور اب پورے ملک میں 20 سے 22 گھنٹے بجلی آ رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو غیر معمولی حالات کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود ہماری جماعت محمد نواز شریف کی قیادت میں پوری طرح متحد ہے اور انہی کے بیانیے پر آئندہ انتخاب بھی لڑیں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کی تقرری کا فیصلہ وقت آنے پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات