Live Updates

موجودہ حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے، جلد ہی اس کا خاتمہ ہونے کو ہے، خرم شیر زمان

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا اور متحدہ ’’جیے مہاجر‘‘ کے نعرے لگا کر مہاجروں کو ہی ٹھکانے لگاتی رہی، بیان

منگل 22 مئی 2018 23:02

موجودہ حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے، جلد ہی اس کا خاتمہ ہونے کو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے، جلد ہی اس کا خاتمہ ہونے کو ہے۔ اس کے بعد نگران حکومت کے مختصر دور میں ہمیں امید ہے کہ صاف و شفاف انتخابات ہوں گے۔

اگر انتخابات صاف و شفاف ہوئے تو تحریک انصاف اکثریت سے کامیاب ہوگی اور پورے سندھ میں اپنی حکومت بنائے گی۔ دوسری طرف پنجاب اور وفاق بھی پاکستان تحریک انصاف کے حق میں دکھائی دیتے ہیں۔ پنجاب اور وفاق میں ن لیگ تھی جو اب ریزہ ریزہ ہو کر بکھرتی جارہی ہے جبکہ سندھ کے لوگوں نے پیپلز پارٹی اور متحدہ کے لوگوں کو اچھی طرح آزما لیا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا اور متحدہ ’’جیے مہاجر‘‘ کے نعرے لگا کر مہاجروں کو ہی ٹھکانے لگاتی رہی۔

اردو بولنے والے مہاجر کراچی میں اکثریت میں ہیں جن کا متحدہ نے استحصال کیا اور پیپلز پارٹی نے بھی لسانیت اور تعصب کو خوب ہوا دی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کراچی والوں کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کرچکے ہیں اور سو دن کے ایجنڈے میں بھی کراچی کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ اس لیے آئندہ الیکشن میں پورا سندھ بالخصوص کراچی تحریک انصاف کا ناقابل تسخیر قلعہ ثابت ہوگا۔ مخالفین کی نیندیں حرام ہوجائیں گی۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات