ماہ رمضان کے دوران خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کے زیراہتمام صوبہ بھر کے اضلاع میں متعدد کاروائیاں جاری ہیں ،ترجمان

منگل 22 مئی 2018 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے زیراہتمام ماہ رمضان کریک ڈان کے دوران پشاور سمیت صوبہ بھر کے دیگر اضلاع میں متعدد کاروائیاں جاری ہیں۔ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی افسران نے صبح سویرے بعد از نماز فجر ترناب فارم میں واقعہ جعلی مشروبات کی فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں غیر معیاری مشروبات سمیت دیگر کمپنیوں کے برانڈز بھی تیار کیئے جاتے تھے،کمپنی پر جعلی برانڈنگ اور جعلی لیبلنگ کے دفعات لگا کر سیل کر دیا گیا ۔

ترجمان کے یہ بھی کہنا ہے کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تین مصالحہ فیکٹریوں کو بھی چیک کیا اور صفائی کی ابتر صورت حال پربھاری جرمانے عائد کر دیئے۔ اسی طرح آئس فیکٹریوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے پشاور کے کوہاٹ روڈ پر واقع 8برف خانوں پر صاف پانی میں امونیا گیس کے اخراج پر مجموعی طور پر4 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کر دیئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی وارننگ نوٹس کے باوجود ھدایات پر عمل درآمد نہ کرنے پر 2 آئس فیکٹریوں کو تالے لاگا دیئے گئے ۔

دوسری جانب مردان میں اتھارٹی کی ٹیم نے عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے مردان M-1موٹروے پر ٹک شاپش کی چیکنگ کی اور زائد المعیاد اشیا کی موجودگی پر بھاری جرمانے عائد کر دیئے جبکہ ساتھ میں واقع ریسٹورانٹ کو بھی وارننگ نوٹسز جاری کر دیئے ۔ادھر سوات میں بھی گوشت کی ذخیرہ اندوزی سے نمٹنے کیلئے کے پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور لائیوسٹاک کے باہمی تعاون سے 30 قصاب خانوں کی چیکنگ کی جہاں 500 کلو گرام مضر صحت قیمہ اور گوشت قبضہ میں لے کر تلف کر دیا گیا۔