Live Updates

تحریک انصاف کی کارکردگی کا موازنہ سابقہ حکومت سے کیا جائے،

سابقہ حکومت نے پانچ سالوں میں 7ہزار اساتذہ بھرتی کئے ،ہم نے 40ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے اور 17ہزار مزید بھرتی ہورہے ہیں ، بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کروڑوں روپے خرچ کیے جو ہماری بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں،صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان

منگل 22 مئی 2018 22:01

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی کارکردگی کا موازنہ سابقہ حکومت کی کارکردگی سے کیا جائے تو ، سابقہ حکومت نے پانچ سالوں میں صرف 7ہزار اساتذہ بھرتی کیے جبکہ ہم نے 40ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے اور 17ہزار مزید بھرتی ہورہے ہیں ،بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی کروڑوں روپے خرچ کیے جاچکے ہیں جو کہ ہماری بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔

وہ مردان میں حال ہی میں مکمل شدہ مختلف تعلیمی منصوبوں کے دورے کے موقع پر عوام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ابضار خان اور دیگر موجود تھے۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں متعارف کردہ اصلاحات کیساتھ ساتھ ہم نے سابقہ حکومت کی 63ارب روپے کی بجٹ میں 116فیصد اضافہ کرکے اس کو 137ارب روپے تک پہنچا دیا ، جبکہ پورے صوبے میں 850سکول صرف نئے بنائے گئے ہیں اور 400 غیر فعال سکولوں کو فعال کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات اور عملی اقدامات کی بدولت سرکاری سکولوں پر عوام کے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا ہے اور مختلف پرائیویٹ سکولوں سے ڈیڑھ لاکھ بچے سرکاری سکولوں میں داخلے کی غرض سے آئے ہیں ۔ انہوں نے مردان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مردان میں 78سکول یا تو نئے بنے ہیں اور یا اپ گریڈ کئے گئے ہیں ۔ جو کہ ان بچوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ ان کا بنیادی حق ہے کیونکہ کسی بھی فلاحی ریاست کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے شہری کو مفت تعلیم فراہم کریں، مگر بد قسمتی سے سابقہ حکمرانوں نے تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی تھی ۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ تعلیم کیساتھ ساتھ ہم نے مردان میں ترقیاتی منصبوں کی مد میں بھی اربوں روپے کے بڑے بڑے پراجیکٹس شروع کررکھے ہیں ، جن میں ویمن یونیورسٹی مردان، انجینئرنگ یونیورسٹی مردان، گرلز کیڈٹ کالج مردان ، فاطمہ الفہری سکول ، مردان بورڈ سپورٹس کمپلیکس ، مختلف پارکس ، فلائی اوورز ، کالجز اور بیوٹیفکیشن کے کئی اہم پراجیکٹس شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کارکردگی اور سابقہ حکومتوں کی کارکردگیوں میں جہاں ایک واضح اور نمایاں فرق پایا جاتا ہے وہاں پر میرٹ کے ذریعے ای ۔ٹینڈراور ای بڈنگ کے ذریعے ٹھیکوں کی الاٹمنٹ اور کرپشن سے پاک منصوبے شامل ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات