2022میں دنیا کے نقشے پر پہلا تیرتا ملک ابھرے گا

تیرتا ملک 5کروڑ ڈالر کے فلوٹنگ آئی لینڈ کا حصہ،ملک 300مکانات کے ساتھ کچھ ریستوران، دفاترپر مشتمل ہو گا

منگل 22 مئی 2018 21:50

2022میں دنیا کے نقشے پر پہلا تیرتا ملک ابھرے گا
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) سرمایہ کاروں اور فنی ماہرین کے ایک کنسورشیم نے اب ایک ایسا عجیب و غریب منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت دنیا کا پہلا تیرتا ملک 2022 تک نظر آنے لگے گا،یہ ملک 5 کروڑ ڈالر کے اس فلوٹنگ آئی لینڈ پروجیکٹ کا حصہ ہے جو حکومت پولینیشیا کے اشتراک سے بنایاجائیگا،تیرتے ملک میں 300مکانا ت ہونگے جبکہ کچھ ریستوران، دفاتر قائم کئے جائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بحر اوقیانوس میں طرح طرح کے تجربات ہوتے رہتے ہیں اور تازہ ترین اطلاع کے مطابق سائنسدانوں ، سرمایہ کاروں اور فنی ماہرین کے ایک کنسورشیم نے اب ایک ایسا عجیب و غریب منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت دنیا کا پہلا تیرتا ملک 2022 تک نظر آنے لگے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ملک 5 کروڑ ڈالر کے اس فلوٹنگ آئی لینڈ پروجیکٹ کا حصہ ہے جو حکومت پولینیشیا کے اشتراک سے بنایاجائیگا۔

(جاری ہے)

ایک ایسے تیرتے ہوئے ملک کا تصور سب سے پہلے پے پال کے بانی پیٹر تھیل نے پیش کیا تھا اور اب جبکہ اس منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے یہ جزیرہ نما ملک تاہیٹی کے جزیرے کے قریب تیرتا ہوا نظرآئیگا۔ چاروں جانب سمندر میں گھرے ہوئے ملک میں 300مکانا ت ہونگے جبکہ کچھ ریستوران، دفاتر قائم کئے جائیں گے۔ منصوبے سے تعلق رکھنے والے ذرائع کاکہناہے کہ یہ اپنی قسم کا پہلا ملک ہوگا ۔

اس کی اپنی حکومت ہوگی اور ملک کا آئین و قانون بھی بنایا جائیگا جبکہ اسکے لئے جس کرنسی کی بات کی جارہی ہے۔ وہ کرپٹو کرنسی قسم کی چیز ہے جسے ویرون کہا جاتا ہے۔ امید ہے کہ منصوبے پر جو5کروڑ ڈالر لگائے جارہے ہیں وہ ابتدائی ہے اور اس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ واضح ہو کہ پولینیشیا کی حکومت مختلف ماہرین تعلیم ، مخیر حضرات اور سرمایہ کاروں کے تعاون سے آئے دن عجیب و غریب منصوبوں پر کام کرتی رہتی ہے جنہیں دیکھ کر دنیا حیران رہتی ہے۔ اس تیرتے ہوئے ملک پر عالمی سیاست کا کوئی اثر نہیں ہوگا اور نہ ہی بین الاقوامی تجارتی معاملات سے اسکا کوئی تعلق ہوگا۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ عرصے بعد یہ ملک پناہ گزینوں کا مرکز بن جائے۔

متعلقہ عنوان :