سپریم کورٹ نے رکن صوبائی اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی کو نا اہل قرار دے دیا

منگل 22 مئی 2018 21:50

گوجرخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے گوجرخان کے صوبائی حلقہ4سے ن لیگی معطل رکن صوبائی اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی کے خلاف جعلی ڈگری کیس کے محفوظ فیصلہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں نا اہل قرار دے دیا ہے ،آئی این پی کے مطابق جعلی ڈگری کیس انکے سیاسی حریف سابق ناظم یونین کونسل منگھوٹ میجر (ر)راجہ افتخار کیانی نے دائر کر رکھا تھا اوریہ کیس لگ بھگ 4برس تک مختلف مراحل سے گذرتا رہا ،اس دوران وہ ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ سے ایک بار بحال بھی ہوئے اورالیکشن کمیشن اس بحالی کیخلاف ہی رہا، اس کیس میں راجہ افتخار کیانی کی جانب سے سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ جبکہ راجہ شوکت عزیز بھٹی کی جانب سے ملک وحید انجم ایڈووکیٹ پیروی کر تے رہے ،شوکت عزیز بھٹی نے اپنی نا اہلی کے حوالہ سے گوجر خان پریس کلب سے گفتگو میں کہا کہ انہیں سپریم کورٹ آف پاکستان کے تفصیلی فیصلہ کا انتظار ہے اور اگر انہیں 2018کے الیکشن کیلئے نا اہل قرار دیدیا گیاتو آئندہ الیکشن میں ان کی جگہ انکے چھوٹے بھائی احمد عزیز بھٹی حلقہ PP-9 سے امیدوارہو نگے،یہاں اس امر کا اظہاربھی بے جانہ ہوگا کہ2013کے انتخابات کی پولنگ کے بعد گنتی کے مرحلہ میں فریقین میں تصادم کے نتیجہ میں 4انسانی ہلاکتیں رونما ہو گئی تھیں ۔