آفتاب شیرپائو کا فاٹا تک اعلی عدلیہ کی توسیع کیلئے نوٹیفکیشن کے اجرا کا مطالبہ

چھ ماہ قبل پارلیمان نے فاٹا تک اعلی عدلیہ کی توسیع کا بل پاس کیا ، نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں ہوا، اگر اس طرح حکومت چلانی ہے تو ہمیں قابل قبول نہیں، پشاور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کا فوری نوٹی فکیشن جاری کیا جائے ،قومی وطن پارٹی کا نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

منگل 22 مئی 2018 21:47

آفتاب شیرپائو کا فاٹا تک اعلی عدلیہ کی توسیع کیلئے نوٹیفکیشن کے اجرا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپائو نے فاٹا تک اعلی عدلیہ کی توسیع کیلئے نوٹیفکیشن کے اجرا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھ ماہ قبل پارلیمان نے فاٹا تک اعلی عدلیہ کی توسیع کا بل پاس کیا لیکن اس کا نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں ہوا، اگر اس طرح حکومت چلانی ہے تو ہمیں قابل قبول نہیں ہے، پشاور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کا فوری نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں آفتاب احمد خان شیرپائو نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ وہ کیپٹن (ر)صفدر کی بات کی تائید کرتے ہیں کہ ایئرپورٹ بننے چاہئیں، ریلوے میں صرف پشاور تک ٹریک باقی ہے، باقی بند ہوگئے ہیں، بجلی اور گیس وافر مقدار میں ہے لیکن ہمارا ترسیلی نظام اتنا خراب ہے کہ ہمیں جو بجلی دی جاتی ہے وہ اسے سہارا نہیں دے سکتی۔

(جاری ہے)

اس کی وجہ سے لائن لاسز ہو رہے ہیں اور پھر چوری کے الزامات عائد کئے جاتے ہیں۔

اسی طرح گیس کی صورتحال بھی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ قبل پارلیمان نے فاٹا تک اعلی عدلیہ کی توسیع کا بل پاس کرلیا ہے لیکن اس کا نوٹیفکیشن اب تک نہیں ہوا۔ اگر اس طرح حکومت چلانی ہے تو ہمیں قابل قبول نہیں ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ لا ڈیپارٹمنٹ کو نوٹیفکیشن کے جلد اجرا کے لئے کام کرنا چاہیے۔