میرپور کی ممتاز سیاسی شخصیت چوہدری حنیف کے بھتیجے ناظم افتخار برطانوی شہر نارتھ ہیمپٹن کا ڈپٹی میئر منتخب ‘حلف اٹھالیا

منگل 22 مئی 2018 21:39

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2018ء) میرپور کی ممتاز سیاسی، سماجی شخصیت ،ادارہ ترقیات کے سابق چیر مین چوہدری محمد حنیف اور سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری خلیل الرحمن کے بھتیجے ناظم افتخار برطانوی شہر نارتھ ہیمپٹن کا ڈپٹی میئر منتخب ہونے کے بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔وہ نارتھ ہیمپٹن کی تاریخ میں 779 ویں اور کم عمر ترین ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ہیں۔

لندن سے برمنگھم جاتے ہوئے ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر آباد برطانیہ کے شہر نارتھ ہیمپٹن میں تارکین وطن کی تعداد کم ہونے کے باوجود ناظم افتخار اس سے پہلے بھی چار بار کونسلر منتخب ہو چکے ہیں۔ یہ شہر لیڈی ڈیانا کے آبائی شہر ہونے کی وجہ سے بھی عالمی شہرت رکھتا ہے۔ 17 مئی کو نارتھ ہیمپٹن کونسل کے ناظم ڈپٹی میئر کا حلف اٹھانے والے ناظم افتخار کا تعلق لیبر پارٹی سے ہے اور اُن کے والد چوہدری افتخار احمد بھی متعدد بار کونسلر منتخب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے سیاسی و سماجی حلقوں میں ناظم افتخار کی کامیابی کو دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے اور اُنہیں برطانوی پارلیمنٹ کا ممبر منتخب ہونے کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ میرپور کے سیاسی اور سماجی حلقوں نے سابق چیرمین ایم ڈی اے چوہدری محمد حنیف اور اُن کے بھائی چوہدری خلیل الرحمٰن کو ناظم افتخار کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ جلد ہی میرپور کا دورہ کریں گے اس موقع پر اُن کے لیے مختلف استقبالیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔