آزاد جموں و کشمیر کونسل کا اجلاس ،ْ مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز بلاتفریق بیگناہ اور غیر مسلح شہریوں کا قتل عام کر رہی ہیں ،ْوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

منگل 22 مئی 2018 20:31

آزاد جموں و کشمیر کونسل کا اجلاس ،ْ مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر بھارتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) آزاد جموں و کشمیر کونسل کا 55واں اجلاس منگل کو یہاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایل او سی پر بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں شہداء اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے کشمیریوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز بلاتفریق بیگناہ اور غیر مسلح شہریوں کا قتل عام کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور گزشتہ ہفتہ او آئی سی کے غیر معمولی سربراہ اجلاس میں شرکت کے حوالہ سے کونسل کو آگاہ کیا جہاں انہوں نے فلسطینی معاملہ کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے مصائب کو بھی اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی، بھارتی فورسز غیر مسلح شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کونسل کو باو فورم کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملاقات سے بھی آگاہ کیا جہاں انہوں نے یو این سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز مقبوضہ کشمیر میں بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ ہلاکتوں کے تناظر میں انہوں نے آزاد جموں کشمیر کا دورہ کیا اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اے جے کے قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔